ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور : حکومت کوغریبوں اور مزدوروں کی کوئی فکر نہیں ہے - عوامی نمائندے گونگے ہوگئے ہیں ۔  'جنگل واسیوں کو بچاو' ریالی سے کاگوڈ تمپّا کا خطاب 

ہوناور : حکومت کوغریبوں اور مزدوروں کی کوئی فکر نہیں ہے - عوامی نمائندے گونگے ہوگئے ہیں ۔  'جنگل واسیوں کو بچاو' ریالی سے کاگوڈ تمپّا کا خطاب 

Sun, 08 May 2022 19:16:27    S.O. News Service

ہوناور،8؍مئی (ایس او نیوز) جنگلاتی زمین پر بسنے والوں کے حقوق کے لئے جدوجدہ کرنے والی ہوراٹا سمیتی کی طرف سے ہوناور میں منعقدہ 'جنگل واسیوں کو بچاو' ریالی سے خطاب کرتے ہوئے سماجی دانشور اور سابق اسمبلی اسپیکر کاگوڈ تمپّا نے کہا کہ حکومت کو غریبوں اور مزدوروں کی کوئی فکر نہیں ہے۔
    
انہوں نے حالات کو بدلنے کے لئے جنگل واسیوں کی طرف سے احتجاج اور جدوجہد کو نہایت ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کا احتجاجی اجلاس اس مہم کے لئے نئی سمت ثابت ہوگا ۔ پہلے سے یہ  'جو جس زمین پر رہائش پزیر ہے،  وہی اس کا مالک ہے ' ا انہوں نے کہا کہ اب جو اتی کرم داروں کی حالت ہے اسے بدلنا ہے تو پھر ہم سب کو متحد ہوکر جدوجہد کرنی ہوگی ۔ اس کے لئے جیل جانے کے لئے بھی پوری طرح تیار رہنا چاہیے ۔ 
    
انہوں نے عوامی نمائندوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے  کہا کہ ضلع سے جو لوگ بھی عوامی نمائندے پارلیمنٹ میں جاتے ہیں وہ لوگ اس مسئلہ پر آواز نہیں اٹھاتے ۔ شاید وہ لوگ وہاں مویشیوں کی رکھوالی کرنے جاتے ہیں ۔ حکومت بے وقوفی کی سب سے بڑی علامت بن گئی ہے تو پھر عوامی نمائندوں سے کیا توقع رکھی جاسکتی ہے ۔ 
    
ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جسٹس ناگموہن داس نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج اگر تھوڑی بہت مقدار میں جنگلوں کی حفاظت ہورہی ہے تو وہ صرف جنگل واسیوں کی وجہ سے ہورہی ہے ۔ اس میں آپ لوگوں کا ایثار اور زندگی کا مقصد ہے ۔ آج سیاست دان جنگلوں کی دولت لوٹ رہے ہیں ۔ ریلوے ، ہائی وے اور ہائی ٹینشن کیبل وغیرہ کی وجہ سے جنگل تباہ ہورہے ہیں ۔ حکومت اس پر توجہ نہیں دے رہی ہے ۔ افسران عقل و شعور کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں ۔ قانون اور انصاف کے خلاف احکام جاری کرکے جنگل واسیوں کو مشکلات میں مبتلا کیا جارہا ہے ۔ مجرمانہ پس منظر رکھنے والے آج  اسمبلی اور پارلیمان کے اراکین بن رہے ہیں ۔ ان سے کوئی امید رکھنا ممکن نہیں ہے۔ 
    
ہوراٹا سمیتی کے صدر رویندرا نائک نے کہا گزشتہ 30 سال سے مسلسل احتجاج اور جدوجہد کرکے طاقت حاصل کی ہے ۔ جنگلاتی زمین کی یہ جدوجہد اب دھرم کی جدوجہد بننے جارہی ہے ۔ حکومت کو اس دھرم کا علم نہیں ہے ۔ انہیں صرف الجھنیں پیدا کرنے کا دھرم معلوم ہے ۔ جب تک پوری طرح انصاف نہیں ملتا تب تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ 
    
اس موقع پر پدم شری اعزاز یافتہ تلسی گوڈا کی عزت افزائی کی گئی ۔ آدیچنچن گیری مٹھ شاخ کے نشچلا نندا سوامی ، فادر گیبریئل لوپیز ، عبدالرقیب ایم جے ، راما موگیر ، عنایت اللہ شاہبندری ، چندراکانت کوچریکر ، آر ایس رائکر ، سریش میستا وغیرہ اسٹیج پر موجود تھے ۔ جلسہ میں پانچ ہزار سے زائد  جنگل واسی شریک رہے۔ 


Share: